16 ستمبر 2011 - 19:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کےترجمان رامین مہمان پرست نے کہا ہے کہ ہر وہ منصوبہ جو مسئلۂ فلسطین کے بارے میں ہو اس میں فلسطینیوں کے اپنی سرزمین پر حاکم ہونے کی بات ہونی چاہیے۔

ابنا: رامین مہمان پرست نے آج تہران میں عالمی اسلامی بیداری کانفرنس کے موقع پر کہا کہ ایسی تدبیریں کی جانی چاہئیں جن سے فلسطینی عوام کے حقوق کی بازیابی ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ جس منصوبے میں صہیونی ریاست کو تسلیم کرنے کی بات ہو وہ امریکی صہیونی منصوبہ ہوگا اور اسلامی جمہوریہ ان تمام باتوں کا مخالف ہے جن سے فلسطینی عوام کے حقوق پامال ہوتےہیں۔ انہوں نے امام موسی صدر کی تلاش کے بارے میں کہا کہ یہ مسئلہ ہمیشہ ایران کی وزارت خارجہ کا ترجیحی مسئلہ رہا ہے اور ایجنڈے سے کبھی خارج نہيں ہوا اوراب جبکہ لیبیامیں قذافی کی آمریت کا خاتمہ ہوچکا ہے وزارت خارجہ نےامام موسی صدر کو ڈھونڈنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ اس سے قبل وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے کہا تھا کہ مشرق وسطی، شمالی افریقہ اور علاقے کی عوامی تحریکوں نے ، کہ جو اسلامی بیداری و انقلاب اسلامی ایران سے متاثر ہیں ، امریکہ اور صہیونی ریاست کے اندازوں کو درہم برہم کردیا ہے۔رامین مہمان پرست نے تہران میں ایک تقریب میں علاقے کے ممالک میں پیداہونے والے تغیرات کے سلسلے میں مغرب والوں کے دہرے رویہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک نے اپنے مفادات حاصل کرنے کے لئے ایک ملک میں فوجی مداخلت کی ہے لیکن یمن اور بحرین جیسے ممالک میں عوامی تحریکوں کو کچلے جانے کے سلسلے میں خاموش ہیں۔انہوں نے علاقائی تغیرات اور عالمی حالات کے بارے میں ایرانی موقف کی وضاحت کی اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حریت پسندانہ روش اور دیگر ممالک اور قوموں کا اس انقلاب سے متاثر ہونا ، کہ جس نے بین الاقوامی تعلقات میں ایک نئي لہر پیدا کردی ہے ، اس عوامی و آزاد نظام کی نابودی کے لئے انقلاب کی کامیابی کے بعد کے برسوں میں مغرب کی طرف سے سازشیں رچے جانے کا سبب بنا۔رامین مہمان پرست نے ایران کے خلاف عراق کی مسلط کردہ جنگ کو مقدس اسلامی نظام سے مقابلے کے لئے مغربی سازشوں کا ایک حصہ بتایا اور سنگین معنوی و اقتصادی نقصان نیز ایران کے بہترین جوانوں کی شہادت کو ایران کے خلاف مغرب کے دشمنانہ منصوبے کا نتیجہ قراردیا۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران میں ، کہ جو مکمل طورپر اسٹریٹیجک علاقے میں واقع ہے ، اسلامی انقلاب کی کامیابی کو مشرق و مغرب کی بڑی طاقتوں کے اندازے اور حساب کتاب درہم برہم ہونے کا باعث قراردیا اور کہا کہ دشمنوں کی تمام تر سازشوں اور فتنہ انگیزیوں کے باوجود اسلامی انقلاب بھرپور طریقے سے اپنی راہ پر گامزن ہے۔............. /169